کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے اوڑمارہ میں شہید ہونے والے چودہ سکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ آج صبح لسبیلہ کے علاقے آواران میں ادا کی گئی۔ فرنٹیر کور بلوچستان کے سکیورٹی اہلکاروں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد میتوں کو مکمل اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں سات ایف سی اہلکار اور قافلے کے سات گارڈ شہید ہو گئے تھے۔ یہ واقعہ کوسٹل ہائی وے پر اورماڑا کے قریب پیش آیا۔ دہشت گردوں کی بڑی تعداد نے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے قافلہ پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ایف سی بلوچستان کے 7 اہلکار جبکہ قافلہ کے 7 گارڈز بھی شہید ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے دہشتگردوں کا بھاری نقصان ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کیساتھ مقابلے میں مادر وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں صوبیدار عابد حسین، نائیک محمد انور، لانس نائیک افتخار احمد، سپاہی محمد نوید، لانس نائیک عبدالطیف، سپاہی محمد وارث، سپاہی عمران خان، حوالدار ریٹائرڈ سمندر خان، محمد فواد اللہ، عطا اللہ، وارث خان، عبدالنافع، شاکر اللہ اور عابد حسین شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں اور گارڈز کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے بھی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ دشمن عناصر کا بزدلانہ عمل ہے۔ شرپسند عناصر کو ان کے ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔