اسلام آباد:معروف یوٹیوبر شاہ ویر جعفری سماجی کارکن شنیرا اکرم کے معترف ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیوبر شاہ ویر جعفری سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم کی آسٹریلین اہلیہ شنیرا اکرم کی سماجی خدمات پر ان کے معترف ہوگئے ہیں۔
انہوں نے شنیرا اکرم کی کراچی کے ساحل سمندر اور دیگر جگہوں کی صفائی بارے مہم کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہمیں ایسے ہی محب وطن لوگوں کی ضرورت ہے جو بطور شہری اپنے فرائض کو جانتے ہوئے ملک کا خیال رکھیں اور شنیرا اکرم ان میں سے ایک ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں شنیرا وسیم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ میں بہت تنگ آچکی اوراس وقت انتہائی پریشانی میں مبتلا ہونے کے ساتھ سخت اضطراب کے عالم میں ہوں، کیونکہ ہم ساحل کو بار بار صاف کرتے ہیں اور افسوس کی بات ہے کہ مسلسل شہر بھر کا کچرا
ہمارے سمندر اور سیوریج لائنوں میں پھینکا جارہا ہے جس سے گندگی پھیلنے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب میں بھی مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اپنی اہلیہ کے ٹوئٹ کے جواب میں ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہفتے کے پہلے روز سی ویو پر مزہ آئے گا لیکن میں نے اپنی بیوی کو سی وی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کر دی۔وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں کسی پر الزام نہیں لگانا ہے اس تمام صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ پوری دنیا کو کہتی ہے کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے اور لوگ خوبصورت ہیں لیکن یہ بات بھی مانیں کہ لوگ گندے بھی ہیں۔ یہ بات بھی مانیں۔ جنہیں سوشل میڈیا پر نصیحتیں کرنے کا شوق ہے وہ اب نصیحت کریں کہ ان لوگوں کا مائنڈ سیٹ کیسے تبدیل کریں۔