اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو تمام شعبوں کے لئے بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کی بنیادفراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جو موجودہ جدید ڈیجیٹل دور کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے اس حقیقت کو بھی اجاگر کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ سعودی عرب کے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر نے بھی اسی طرح کی گرمجوشی کے جذبات کا اظہار کیا اور پاکستان کو قریبی برادر دوست ملک قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ کے جذبات کو سراہا۔ دونوں وزرا نے دوطرفہ تعلقات کوفروغ دینے اورباہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے رکن کی حیثیت سے پاکستان کادوبارہ انتخاب عالمی برادری کی جانب سے انسانی حقوق کے قومی اورعالمی ایجنڈے کی اس کی پاسداری پراعتمادکامظہرہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ پاکستان انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ادارے کارکن منتخب ہواہے جودوہزارچھ میں قائم کیا گیا تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھاری اکثریت سے انسانی حقوق کونسل کادوبارہ رکن منتخب ہوا ہے اوراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک سوترانوے رکن ملکوں میں سے ایک سو انہتر ووٹ حاصل کئے۔