دبئی: انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے پچھلے ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقہ کے سرکردہ لیگ سپنر عمران طاہرنے اب تک کھیلے گئے میچوں میں اپنی عدم شرکت پر کہا ہے کہ وہ ’’ٹیم کے لئے ڈرنکس لے جانے پر بھی خوش ہیں اور انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ‘‘۔
واضح رہے کہ اس سیزن میں عمران طاہر کو چنئی سپر کنگز کی جانب سے ایک بھی میچ میں موقع نہیں دیا گیا ہے۔ چنئی نے منگل کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف تین سپنرز کھلائے لیکن طاہر کو پھر بھی جگہ نہیں مل سکی۔
چنئی کو ٹیم کے انتخاب اور ٹیم میں طاہر کا انتخاب نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم طاہر مایوس نہیں ہیں۔
عمران طاہر نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ’’ جب میں کھیلتا ہوں تو بہت سارے کھلاڑی میرے لئے ڈرنکس لاتے ہیں۔ اب جب جو کھلاڑی مستحق ہیں وہ کھیل رہے ہیں تو میرا فرض ہے کہ میں بھی ان کے لئے ڈرنکس لے کر میدان میں جائؤں۔
یہ یرے کھیلنے یا نہ کھیلنے کی بات نہیں ہے یہ ٹیم کی جیت کی بات ہے۔ اگر مجھے موقع ملا تو میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو جیت دلانے کی پوری کوشش کروں گا، لیکن میرے لئے ٹیم بہت اہم ہے‘‘۔
خیال رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان چھوڑ کر جانے کا بہت دکھ ہوا تھا پاکستان کی نمائندگی نہ کرنے پر بھی افسوس ہوا تھا،لاہور میں کرکٹ کھیلنے پر فخر ہے ۔