اسلام آباد: پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان توانائی سے متعلق ایک ارب 15 کروڑ ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
یہ دونوں معاہدے خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں سے متعلق ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں پر 45 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے فیز پر لاگت کا تخمینہ کا 70 کروڑ ڈالر ہے۔ خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کا منصوبہ ایک ترقیاتی پروگرام ہے جس سے صوبہ میں متبادل توانائی کی وسیع صلاحیت سے استفادہ میں مدد ملے گی۔
پراجیکٹ کے تحت 88 میگاواٹ کے گبرال کلام ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور 157 میگاواٹ کے مدیان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کی جائے گی ان منصوبوں سے خیبرپختونخوا کی انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کو متبادل توانائی کے وسائل کے فروغ کے لئے ایک عالمی سطح کا ادارہ بنانے میں مدد ملے گی۔ داسو ہائیڈرو پاور (فیز I) پراجیکٹ پر 700 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد نے حکومت پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ خیبر پختونخوا، واپڈا اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے نمائندوں نے متعلقہ پراجیکٹ ایگریمنٹس پر دستخط کئے۔
عالمی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر نجے بنحسینی نے دستخط کئے۔ کنٹری ڈائریکٹر نے پاکستان کی مدد کے لئے اپنی کمٹمنٹ کا اعادہ کیا اور کوویڈ 19 کے خاتمے کے لئے حکومت کے عزم اور کوششوں اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے لئے جاری کوششوں کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے عالمی بینک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے حکومت میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر اعلیٰ کے مشیر حمایت اللہ خان بھی موجود تھے۔