لندن: برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں کورونا وائرس کےٹیسٹ کا نتیجہ بتانے والا طريقہ کاردریافت کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹنگ ڈیوائس کی وسیع پیمانے پر تیاری آئندہ برس کے اوائل سے شروع کی جا سکتی ہے۔ يہ ڈیوائس مختلف وائرسز میں سے فوراً کورونا وائرس کی شناخت کر لیتی ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ جلد نتیجہ دینے والے ٹیسٹ کے بعد فضائی سفر اور ديگر صنعتوں کا کام بلا خوف و خطر دوبارہ چل سکے گا۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کا نتیجہ کئی گھنٹوں میں ملتا ہے۔ اس کی ٹیسٹنگ کٹس کی دستیابی میں اکثر ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی لئے سائنسدان بڑے پیمانے پر اس کی تیاری اور کم قیمت ٹیسٹ کٹ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ برطانوی ماہرین نے ایسی کٹ تیار کی ہے جو کورونا کی تشخیص 5 منٹ سے بھی کم وقت میں کر سکتی ہے۔ آئندہ سال کے آغاز میں اس ٹیسٹنگ ڈیوائس کی تیاری شروع ہو جائے گی۔ اس ٹیسٹ سے اگلے سال موسم سرما میں وبا کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک جرمن کمپنی سیمنز ہیلتھ نیئرز نے بھی کورونا وائرس کی تشخیص کیلیے ٹیسٹ کٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ اس صنعت کو طلب میں اضافے کے باعث مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔