کراچی:معروف ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ جب میں نے ماڈلنگ شروع کی تو مجھے گہری رنگت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
آمنہ الیاس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایوارڈ وصول کر رہی ہیں جب کہ ویڈیو کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی کی یہ ویڈیو آج بھی اہمیت رکھتی ہے کیوں کہ گہرے رنگ کے سبب مجھ پر تنقید ہوئی چنانچہ میں زیادہ محنت کی اور ثابت کیا کہ گہری رنگت کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں بد صورت ہوں۔
آمنہ الیاس نے یہ بھی کہا کہ گہری رنگت والی لڑکیاں جو میرا یہ پیغام پڑھ رہی ہیں میں انہیں آج یہ بات کہنا چاہتی ہوں کہ آپ لوگ بد صورت نہیں ہیں بلکہ آپ لوگ بہت خوبصورت اور پر کشش ہیں، اس لیے ہمیں ہماری جلد کی رنگت کو خاص حسن کا درجہ دینا چاہیے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں اس نو آبادیاتی سوچ کو تار تار کرنا ہوگا کہ گورا رنگ ہی اصل رنگت ہے اور باقی کسی کی بھی کوئی حیثیت نہیں، اس کا آغازخود آپ کی ذات سے ہوتا ہے، اپنے خواب کی تعبیر ڈھونڈیں نہ کہ گورا کرنے والی کریموں اور نسل پرستی کو فروغ دیں۔
واضح رہے کہ ثاقب ملک کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’باجی‘ میں اداکارہ میرا کے ہمراہ آمنہ الیاس نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔