ممبئی :میگا سٹار امیتابھ بچن بھی جنسی ہراسگی سے متعلق ٹرینڈ 'می ٹو' کی زد میں آگئے، نانا پاٹیکر سے شروع ہونے والا سلسلہ اداکار الوک ناتھ ، ہدایت کار وکاس بہل اور ساجد خان سے ہوتا ہوا اب امیتابھ بچن تک پہنچ گیا ہے۔
بالی وڈ میں ان دنوں ’ می ٹو‘ کی مہم زور شور سے جاری ہے اور بڑے بڑے اداکاروں اور ہدایت کاروں پر جنسی ہراسانی کا الزام لگ رہے ہیں،بالی وڈ اداکار سلمان خان کے مشہور رئیلٹی شو’ بگ باس‘ کے چھٹے سیزن میں شریک رہنے والی ہیئر اسٹائلسٹ سپنا موتی بھونانی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ امیتابھ بچن کا ’ می ٹو‘ مہم کی حمایت کرنا اس وقت کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب فلم ’پنک‘ ریلیز ہوئی اور ختم بھی ہوگئی اور بہت جلد آپ کا سماجی کارکن بننے کا تاثر بھی ختم ہوجائے گا اور آپ کیحقیقت جلد سامنے آئی گی،ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے امیتابھ بچن کی جنسی زیادتیوں کی بہت سی کہانیاں خود سنی ہیں اور مجھے امید ہے کہ متاثرہ خواتین سامنے آئیں گی کیوں کہ امیتابھ کی منافقت بہت تھکا دینے والی ہے۔
ہیئر اسٹائلسٹ کی ٹوئٹس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے اور شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے،بعض ٹوئٹر صارفین نے ہیئر اسٹائلسٹ کے بیان کو سستی شہرت کا حصول قرار دیا ہے،گزشتہ دنوں امیتابھ بچن نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ کسی بھی خاتون کو بالخصوص کام کی جگہ پر کسی قسم کی بدتمیزی اور غلط رویے کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات فوری طور پر انتظامیہ کے نوٹس میں آنے چاہئیں اور اس پر ضروری اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں۔