لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ حمزہ شہبازشریف اپنا طریقہ درست کرلیں، ہم نے بات کی تو آپ کی چیخیں مریخ تک جائیں گی ،ن لیگ نے سیکرٹری اسمبلی پر حملہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فیا ض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں کے گھر میں پتھر نہیں پھینکتے ،اگر ہم نے بات کرنا شروع کی تو آپ کی چیخیں نکل جائیں گی ، ن لیگ کی غنڈا گردی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز آپ اپنا طریقہ درست کرلیں ، وزیر اعظم کی بہن علیمہ خان کے خلاف جو زبان استعمال کی گئی وہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے سپیکر صوبائی اسمبلی پر حملہ کرنے کی کوشش کی اور اسمبلی سیکرٹری پر جس طرح حملہ کیا کہ قابل مذمت ہے۔سیکرٹری اسمبلی پر حملہ حمزہ شہبازکی ایماءپر کیا گیا۔حمزہ شہبازشریف اپنا طریقہ درست کرلیں ، تمام ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ و الے دس روز سے اپنے قائد کا چہرہ نہیں دیکھ سکے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھاکہ گھروں تک نہ جائیں اگر ہم نے بات کی تو پھر آپ کی چیخیں مریخ تک جائیں گی۔