دبئی :آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 282رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی،جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلےہی دن 20کے سکور پر دو وکٹیں گنوا بیٹھی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جانے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوگیا، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز پر آئوٹ ہوگئی، آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 20 رنز بنالیے، دونوں وکٹیں محمد عباس نے حاصل کیں۔
اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاجو اس وقت غلط ثابت ہوا جب لنچ سے قبل ہی گرین کیپ کے 5کھلاڑی 57 کے اسکور تک پویلین لوٹ گئے تھے۔اس مشکل ترین صورتحال میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فخرزمان اور کپتان سرفراز احمد نے عمدہ بیٹنگ کی اور پاکستان کا اسکور204 رنز تک پہنچادیا۔
دونوں کھلاڑی اپنی اپنی سنچریاں مکمل نہ کرسکے ،204 کے اسکور پرفخر ز مان نروس نائنٹیزکا شکار بنے ،وہ94رنز بناکر لبوشین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔انہوں نے اپنی اننگز کے دوران 8چوکے اور ایک چھکا لگایا۔کپتان سرفراز احمد264 کے مجموعے پر 94 کے انفرادی اسکور پر اپنی گنوا بیٹھے ،اس طرح وہ ایک ہی میچ میں نروس نائنٹیزکا شکار ہونے والےدوسرے بیٹسمین بن گئے۔