لاہور:ذائقے میں کھٹی میٹھی مزیدار املی کھانے میں تو چٹخارے دار لگتی ہی ہے اور جگر اور دل کی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے ۔ اگر کہا جائے کہ جگر کے تقریباً تمام مسائل کا حل اس میں موجود ہے تو غلط نہ ہو گا۔ املی میں آپ کے جگر کو بیس سال تک جوان رکھنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ یہ جگر پر موجود چربی کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
یہ جسم سے فاسد مادوں کو خارج کرکے نظام ہضم کو نئے سرے سے توانا کرتی ہے ، یہ خون میں خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کر کے دل کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتی ہے ، املی میں شامل پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کم کرتا ہے اور وٹامن سی مضر صحت فری ریڈیکلز کو ناکارہ بناتا ہے ۔
یہ کھانا ہضم کرنے اور آنتوں کی فعالیت بڑھانے میں مدد دیتی ہے ، املی میں کئی غذائیت بخش اجزاءبھی موجود ہوتے ہیں جن میں تھایامین ، آئرن ، میگنیشیم اور فاسفورس شامل ہیں ۔ اس میں کیلشیم ، وٹامن سی ، کاپر اور پائیری ڈاکسن کی بھی قابل ذکر مقدار موجود ہوتی ہے ۔ اس میں شامل اینٹی آکسیڈنٹس اجزاءصحت کی حفاظت کرتے ہیں ۔
اس میں موجود مرکب ہائیڈروکسی سائیٹرک ایسڈ اینزایمز کو جسم میں چربی محفوظ کرنے سے روکتا ہے ۔اس میں شامل وٹامن بی اعصاب کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے اور پٹھوں کی تشکیل کرتا ہے ۔
اسے جلد کو شگفتہ و شاداب رکھنے اور چہرے کو کیل مہاسوں ، چھائیوں اور جھریوں سے پاک رکھنے کے لیے بھی بطور لیپ استعمال کیا جا سکتا ہے ۔