اسلام آباد:سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مسلمہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام اقلیتوں کو جان و مال سمیت ہر نوع کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے، بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں خصوصا" اقلیتوں کو جس کامل مذہبی اور سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اسے یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ہے جس سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی پریس ریلیز میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میں اس امر کا دو ٹوک اور غیر مبہم اعلان ضروری خیال کرتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مسلمہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام اقلیتوں کو جان و مال سمیت ہر نوع کے بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ اس حوالے سے کسی طرح کا منفی اظہار خیال مسلم لیگ ن کے نظریے اور پالیسی سے کوئی تعلق نہیں رکھتا۔
نواز شریف نے کہا کہ مجھے پاکستان کے عوام نے تین بار ملک کا وزیراعظم چنا۔ تینوں بار میں نے ذاتی طور پر اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے زبان ، رنگ ، نسل ، مذہب ، عقیدے یا کسی بھی دوسری تمیز و تفریق کے بغیر پاکستان کے عوام کی خدمت کی اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جماعت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں خصوصا اقلیتوں کو جس کامل مذہبی اور سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اسے یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ہے جس سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
نواز شریف نے کہا کہ میں اس امر کا واضح اظہار بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ محسن انسانیت حضرت محمدﷺکی ختم نبوت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان جزو اسلام ہے۔ یہ ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بھی بن چکا ہے۔ یہ معاملہ اب ہمیشہ کے لئے طے ہو چکا ہے۔ بہترہو گا کہ اس کی حساسیت کو مد نظر رکھا جائے اور سیاسی آلا ئشوں سے بھی پاک رہنے دیا جائے۔ اس حوالے سے انتخابی بل میں ہونے والی غلطی ، کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے جس کے لئے میں تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزارہوں۔