انقرہ : بالی ووڈ سپر سٹار عامرخان نے ترک گیم شو سے جیتی گئی لاکھوں روپے مالیت کی انعامی رقم شامی پناہ گزینوں کی فلاح کیلئے عطیہ کر دی۔ بھارتی اداکار اپنی نئی آنے والی فلم ’سیکرٹ سپر سٹار‘ کی تشہیر کے لئے ان دنوں ترکی میں موجود ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق بھارتی اداکار عامر خان نے دورہ کے دوران معروف گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے ترک ورژن میں بطور مہمان شرکت کی۔ اس موقع عامر خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گیم شو میں جیتنے والی انعامی رقم کو ترکی میں موجود پناہ گزینوں کے نام کردوں گا۔
گیم شو کھیلنے کے دوران عامر خان ایک لاکھ 25 ہزار ترکش لیرا (36 لاکھ 17 ہزار روپے سے زائد)تک پہنچ گئے تاہم وہ سوال کا جواب نہ دے سکے جس کے باعث عامر خان صرف 60 ہزار ترکش لیرا (17 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد ) ہی جیت سکے اور گیم شو کے اختتام پر انہوں نے انعامی رقم کو ترکی میں موجود پناہ گزینوں کو عطیہ کردی۔