عمران خان جتنی مرضی جعلسازی کر لیں نااہلی سے نہیں بچ سکتے : اکبر ایس بابر

عمران خان جتنی مرضی جعلسازی کر لیں نااہلی سے نہیں بچ سکتے : اکبر ایس بابر


اسلام آباد:تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ عمران خان جتنی مرضی جعلسازی کرلیں یا ثبوت کو بدل دیں لیکن وہ نااہلی سے نہیں بچ سکتے،شوکت خانم کے ڈونرز کو ہی پی ٹی آئی کا ڈونر ظاہر کیا گیا ہے ، اس جعلسازی کے حوالے سے امریکی سفیر کو خط لکھیں گے اور اس سارے معاملے کی ایف بی آئی سے تحقیقات کرانے کی درخواست کریں گی ۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی کیلئے بنائی گئی تھی مگر یہ چوروں اور ڈاکوئوں کا اڈا بن گیا اوران لوگوں ملکی سیاست میں ملاوٹ کردی،سوائے اقتدار اور ذاتی مقاصد کے عمران خان کا کوئی مقصد نہیں، نااہلی کی صورت میں وہ لندن چلے جائیں گے۔


اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان نے دستاویزات میں جعلسازی کی ہے اس لیے وہ پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات ہمیں فراہم نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارٹی فنڈز کی تفصیلات میں جعلسازی کی گئی ہے ، انہوں نے شوکت خانم کے ڈونرز کو پی ٹی آئی کا ڈونر ظاہر کیا ہوا ہے اس لیے سپریم کورٹ ان کے خلاف دھوکہ دہی کی کارروائی کرے۔


انہوں نے کہا کہ عمران خان نے امریکہ میں فنڈ اکٹھے کرنے کیلئے 2 غیر قانونی کمپنیاں رجسٹرڈ کرائی تھیں جن کے ریکارڈ میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ امریکی سفیر کو خط لکھ کر ان سے درخواست کریں گے کہ ایف بی آئی عمران خان کی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرے۔ پہلے اس لیے امریکی حکام سے درخواست نہیں کی کیونکہ خدشہ تھا کہ کہیں امریکہ میں مقیم عام پاکستانی شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، لیکن اب عمران خان نا اہلی سے بچ نہیں سکتے اور بہت جلد فیصلہ ہو جائے گا کہ وہ سیاست نہیں کرسکتے۔عمران خان کے خلاف کیسز منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں اور بہت جلد فیصلہ ہوجائے گا کہ وہ بھی قانونی طور پر سیاست نہیں کرسکتے۔


اکبر ایس بابر نے کہا کہ ان کا مقصد عمران خان کو ناہل کرانا یا تحریک انصاف کو نقصان پہنچانا نہیں، یہ جماعت تبدیلی کے لئے بنائی گئی تھی مگر اب یہ چوروں اور ڈاکوئوں کا اڈہ بن چکی ہے اور ملکی سیاست میں ملاوٹ کردی گئی ہے۔ تبدیلی کے نظریے کے ساتھ جو لوگ عمران خان کے ساتھ آئے تھے ان کے لئے عمران خان نے تمام راستے بند کردیے، ان کا تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔