اسلام آباد: پاکستان تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان نے سپریم کورٹ میں تمام منی ٹریل جمع کروانے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ اللہ کے فضل سے سپریم کورٹ میں 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ کا مکمل منی ٹریل جمع کرا دیا ہے ۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریکارڈ کو محفوظ رکھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف تین بلین روپے کی منی لانڈنگ کا قطری خط کے علاوہ کوئی ٹریل پیش نہ کر سکے اور سپریم کورٹ میں منی ٹریل پیش کرنے میں ناکام رہے۔
یاد رہے عمران خان نے نااہلی کیس میں بذریعہ وکیل ایک لاکھ پاؤنڈ سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 2002 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور اسمبلی کی مدت ختم ہونے تک پبلک آفس ہولڈر رہے۔ جب کہ عمران خان نے 2008 کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا اور 2013 میں وہ ایک بار پھر رکن اسمبلی منتخب ہوئے جو آج بھی ہیں۔
جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں عمران خان کے دو بینکوں میں فارن کرنسی اکاونٹ تھے تاہم 2000 کے بعد عمران خان کا بیرون ملک کوئی اکاونٹ نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو لوگ کہتے ہیں نواز شریف اور عمران خان کے کیس ایک جیسے ہیں تو وہ دیکھ لیں کہ نواز شریف کا کیس 16 کمپنیوں اور 300 ارب کے گرد گھوم رہا ہے اور عمران خان کی 41 سال کی ٹوٹل منی ٹریل 6 لاکھ 72 ہزار پاؤنڈ ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں