پاکستانی ویٹ لفٹر مریم نسیم نے آسٹریلیا میں منعقد مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیت لیا

02:03 PM, 16 Oct, 2017

صوبہ خیبر پختونخوا ہ کے صوبائی دارلحکومت پشاور سے تعلق رکھنے والی ویٹ لفٹر مریم نسیم نے آسٹریلیا میں 57 کلوگرام کیٹگری میں چاندی کا تمغہ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مریم نسیم اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے آسٹریلیا گئی تھیں جہاں قیام کے دوران انہیں ویٹ لفٹنگ کا شوق پیدا ہوا ،مریم نے پہلے ویٹ لفٹنگ کو وزن کم کرنے کے لیے شروع کیا تاہم انہیں جلد ہی احساس ہوگیا کہ وہ اس سے کچھ زیادہ چاہتی ہیں اور یونیورسٹی آف کینبرا میں تعلیم حاصل کرنے کے دوران انہوں نے ویٹ لفٹنگ کو بطور پروفیشن اپنا لیا ، انہوں نے جلد ہی میلبورن میں ہونے والے ایک ویٹ لفٹنگ مقابلے کی 57کلو کیٹگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا جو محض 2سال قبل ویٹ لفٹنگ شروع کرنے والی مریم کے لیے کسی کارنامے سے کم نہیں تھا۔  

مریم کا کہنا تھا کہ زندگی میں ہر بڑا فیصلہ اپنے والدین اور بڑوں کواعتما د میں لیکر کرنا چاہیئے تاکہ ان کی سپورٹ اور دعائیں ہمیشہ ساتھ رہیں ،میں ویٹ لفٹنگ کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی کرنا چاہتی تھی تاہم والدین نے مجھے اجازت نہیں دی جس پر میں نے یہ ارادہ ترک کردیا کیوں کہ مجھے علم تھا کہ ان کی دعاﺅں کے بغیر میں اس فیلڈ میں کامیاب نہیں ہو پاﺅں گی ۔ 

مزیدخبریں