دبئی:- متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت نے واضح کیا ہے کہ وہ یکم دسمبر سے کارکنان کو2زمروں میں تقسیم کریگی۔ ایک زمرے کے تحت ”ماہر کارکن“ ہونگے ۔ ماہر کارکن ایسے شخص کو کہا جائیگا جسے مطلوبہ ملازمت حاصل کرنے کیلئے ثانوی اسکول کے سرٹیفکیٹ سے بڑا خصوصی سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ماہر کارکن سے متعلقہ اداروں کی طرف سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ طلب کیا جائیگا۔
جہاں تک کارکنان کے دوسرے زمرے کا تعلق ہے تو اس کے تحت ”محدود مہارت والا کارکن“ آئیگا۔اس پرمذکورہ شرائط لاگو نہیں ہونگی۔ وزارت افرادی قوت یکم دسمبر سے ورک پرمٹ جاری کرنے کیلئے نئی فیسیں وصول کریگی۔ پروگرام کے مطابق نئی فیسیں رائج الوقت فیسو ں کے مقابلے میں کم ہونگی۔ بیرون ریاست ورک پرمٹ کے اجراءکی فیس 200درہم ہوگی۔ یہ 3زمروں کیلئے ہوگی۔2برس کے اجازت نامے کی فیس 300درہم مقرر کی گئی ہے۔
یہ ایسے اداروں کےلئے ہے جو پہلے درجے کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس سلسلے میں کارکن کی مہارت کو مد نظرنہیں رکھا جائیگا۔ دوسرے زمرے کے اداروں کے لئے ورک پرمٹ فیس 500درہم ماہر کارکن اور 1200 درہم محدود مہارت والے کارکن پر لی جائیگی۔ تیسرے زمرے میں آنے والے اداروں کے لئے ورک پرمٹ کی فیس ماہرکارکن پر1500درہم، محدود مہارت والے کارکن پر 2700 درہم فیس مقرر ہوگی۔ چوتھے زمرے میں شامل اداروں سے ورک پرمٹ کی فیس ماہر کارکن پر 2ہزار اور محدود مہارت والے کارکن پر 3200درہم فیس مقرر ہوگی۔
بیرون ریاست ورک پرمٹ کے اجرا کی فیس تیسرے زمرے میں آنے والے اداروںکیلئے 5ہزار درہم متعین کی گئی ہے۔