اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اداروں اور فری لانسرز کے لیے وی پی این رجسٹریشن کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔ اب درخواست دہندگان پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر آن لائن فارم مکمل کر کے باآسانی وی پی این رجسٹر کروا سکتے ہیں۔
رجسٹریشن کے لیے ضروری معلومات میں شناختی کارڈ نمبر، کمپنی کی رجسٹریشن تفصیلات اور ٹیکس دہندہ کی حیثیت شامل ہیں۔ فری لانسرز کو اپنے پروجیکٹ یا کمپنی کے ساتھ وابستگی کی تصدیق کے لیے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔
درخواست دہندگان کو وی پی این کنیکٹیویٹی کے لیے آئی پی ایڈریس بھی فراہم کرنا ہوگا، جو فکسڈ آئی پی ایڈریس کی صورت میں انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق درخواست جمع کرانے کے بعد 8 سے 10 گھنٹوں میں منظوری کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔ اب تک 20 ہزار سے زائد کمپنیاں اور فری لانسرز اپنے وی پی این رجسٹر کروا چکے ہیں۔