آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی

آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی

سڈنی: آسٹریلیا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ سڈنی میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا، جس کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میتھیو شارٹ اور جیک فریزر مک گرک نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی تین اوورز میں 52 رنز بنا دیے۔ تاہم، حارث رؤف نے 52 کے مجموعے پر جیک فریزر اور کپتان جوش انگلس کو پویلین واپس بھیج دیا۔ عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو 32 رنز پر آؤٹ کیا، جب کہ ایرون ہارڈی 28 رنز بنا کر عباس آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 

آسٹریلوی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز تک محدود رہی۔ پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ بابر اعظم کی گری، جو صرف 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان بھی اسپنسر جانسن کی گیند پر 5 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ محمد رضوان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور سلمان علی آغا بغیر کوئی اسکور بنائے چلتے بنے۔ اس کے بعد عثمان خان نے 50 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو کچھ امید دی، جب کہ عرفان نیازی نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کے اسپنر اسپنسر جانسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔

مصنف کے بارے میں