کوئی منی بجٹ متعارف نہیں کرایا جا رہا ، حکومت ٹیکس وصولی کے ہدف کو کامیابی سے پورا کرے گی: وزیر خزانہ

کوئی منی بجٹ متعارف نہیں کرایا جا رہا ، حکومت ٹیکس وصولی کے ہدف کو کامیابی سے پورا کرے گی: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی منی بجٹ متعارف نہیں کرایا جا رہا اور حکومت 12,970 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کے ہدف کو کامیابی سے پورا کرے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پرائمری سرپلس کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے، اور نیشنل فزیکل پیکٹ کی کابینہ سے منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے، جس کے بعد این ایف سی پر نظرثانی کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں بہتری لانے کے لیے انتظامی اور انفورسمنٹ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے صوبوں بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فسکل پیکٹ کی منظوری میں ان کا کردار قابل تحسین رہا ہے، اور جب بھی قومی مفاد کا سوال آیا، خیبرپختونخوا ہمیشہ پیش پیش رہا۔

آئی ایم ایف کے حالیہ دورے پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا دورہ معیشت کا جائزہ لینے کے لیے نہیں تھا، بلکہ اس کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد سازی کو مزید مستحکم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات تعمیری اور با مقصد رہے، اور اس دوران کئی اہم امور پر آمنے سامنے بات چیت کی گئی۔

وزیر خزانہ نے جیو نیوز کی درست رپورٹنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد نے پاکستان کی پوزیشن کو بغور سنا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے محکموں میں رائٹ سائزنگ کا عمل جاری ہے اور 11 محکموں میں یہ عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ پانچ محکموں میں ابھی جاری ہے۔

وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بھی بات کی اور کہا کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جینکوز، ڈسکوز اور ایئرپورٹس جیسے شعبوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے۔

مصنف کے بارے میں