لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نفرت اور تعصب کا زہر معاشروں کو کھوکھلا کر دیتا ہے، اور ایک مضبوط و پرامن معاشرے کے قیام کے لیے رواداری اور برداشت ضروری ہیں۔
برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی زندگی میں رواداری اور برداشت کی بے مثال مثالیں قائم کیں، جن پر ہمیں عمل کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواداری، احترام اور برداشت ہی ایک کامیاب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ دنیا مختلف عقائد، ثقافتوں اور نظریات کا مجموعہ ہے اور ان تمام کا احترام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں ہم برداشت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں، اور تعلیمی اداروں کو بھی نوجوان نسل کو احترام، محبت اور برداشت کے اصول سکھانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نفرت اور تعصب کا زہر معاشروں کو تباہ کرتا ہے، اور ہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانا ہے جو ہر فرد کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے اختلافات کو تسلیم کرتے ہوئے احترام اور عزت کی فضا کو فروغ دینا ہوگا، تاکہ پاکستان کو امن، رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنایا جا سکے۔