اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کو محرم کے بغیر حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی ۔
وزارت مذ ہبی امور کے استفسار پر اسلامی نظریاتی کونسل نے خواتین کے بغیر محرم حج پر جانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین بغیر محرم اس صورت میں حج پر جا سکتی ہیں کہ وا لدین یا شوہر اجازت دیں، قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ،فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو۔
حا لیہ ایام میں وزارت مذہبی امور کے نام لکھے گئے اسلامی نظریاتی کونسل کے خط میں کہا گیا کہ اگر کسی عورت کو حج پر جانے کیلئے محرم میسر نہ ہو تو اگرچہ احناف و حنابلہ کے معروف مسلک کے مطابق ا س پر حج فر ض نہیں تاہم، فقہ جعفریہ،مالکی اورشافعی کےمطابق جس خاتون کوقابل اعتمادخواتین کی رفاقت حاصل ہوحج پرجاسکتی ہے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق یہ گنجائش اس شرط کے ساتھ مشروط ہےکہ اس عورت کے وا لدین یا شادی شدہ ہو نے کی صورت میں اس کا شوہر اس کی اجازت دیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے اس حوالے سے مزید بتاتے ہوئے کہا کہ اسے قابل اعتماد خواتین کی رفاقت حاصل ہو اور کسی قسم کے فساد یا خطرے کا اندیشہ نہ ہو۔وزارت مذہبی امور کی حج انتظامیہ کیلئے لازم ہو گا کہ ایسی عورت جس گروپ کے ساتھ حج پر جا رہی ہے اس گروپ کے بارے میں زیادہ چھان بین کرے اورگروپ کے بارے میں مکمل اطمینان حاصل کرنے کےبعد ہی خاتون کو حج کی اجازت دے۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے نظر ثانی شدہ نئی حج پالیسی 2024 کی منظوری دے دی، وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد آج نئی حج پالیسی 2024کا اعلان کریں گے۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق حج پالیسی پر تین رکنی وزارتی کمیٹی کی سفارشات پر تبدیلیوں کی منظوری دی گئی۔
خیال رہے کہ یکم نومبر کو حج پالیسی سے متعلق وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی تھی، اب وزیر مذہبی امور آج پریس کانفرنس میں حج پالیسی 2024 کا اعلان کریں گے۔