اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر ہے اور ملک کے دفاعی ادارے بھی اس کی جارحیت سے محفوظ نہیں، سب مل کرعمران خان کی داخلی جارحیت کا مقابلہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک کومشکل حالات کا سامنا ہے اس لئے قوم ملکی بقاءکیلئے یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور سب مل کرعمران خان کی داخلی جارحیت کامقابلہ کریں کیونکہ عمران خان کے انتشارسے ملک کو مشکل حالات کا سامنا ہے، ساڑھے تین سالہ نا اہل عمرانی دور کی وجہ سے ملک اس حدتک پہنچا، ملک کے دفاعی ادارے بھی عمران خان کی جارحیت سے محفوظ نہیں، ہم اداروں کوکسی صورت تضحیک کانشانہ نہیں بننے دیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ آج اس شخص کا امریکی سازش کابیانیہ کہاں گیا، آج وہ شخص کہتا ہے بیرونی سازش کابیانیہ قصہ پارینہ ہے، عمران نیازی نے جھوٹے سازشی بیانئے سے اپنی مقبولیت بڑھانے کی کوشش کی، اس شخص نے یوٹرن لے کراپنا جھوٹا بیانیہ خود دفن کر دیا، تمہاری پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ پن کے قریب پہنچ گیا تھا، آپ کی حکومت میں پاکستان بلیک لسٹ ہو گیا تھا مگر آج حکومت کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکل گیا۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ قوم کے جذبات سے آپ کھیلتے رہے جبکہ ملک کی سالمیت کیخلاف آپ قوم کواکھٹا کر رہے ہیں سیاست اس کا نام نہیں، امریکہ آپ کا دشمن تھا اب ناک رگڑ کر اس سے دوستی کی باتیں کر رہے ہیں، جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، غلط بات زیادہ دیر نہیں چلتی، یہ اسلام آبادنہیں آئیں گے بلکہ صرف پنڈی تک رہیں گے، ہم ملک میں سکون چاہتے ہیں مگر یہ شخص ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر ہے اور لانگ مارچ بھی فارن فنڈنگ کے پیسے سے چلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دشمن قوتوں کے ایجنڈے پر اداروں کو نشانہ بنا رہا ہے اور اس کے لانگ مارچ کا مقصد ملک کو کمزور کرنا ہے، عمران خان کے سیاسی انتشار کا مقصد اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنا ہے، اتحادی حکومت ملک میں سیاسی استحکام چاہتی ہے، عمران خان کے سیاسی انتشار کاہم سب مل کرڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔
ملکی بقاءکیلئے قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمران خان کی داخلی جارحیت کا مقابلہ کرے: مولانا فضل الرحمن
08:02 PM, 16 Nov, 2022