گھڑی بیچنے سے حاصل ہونے والے پیسے کب اور کیسے ٹرانسفر ہوئے، جواب دینا پڑے گا: وزیر دفاع

05:57 PM, 16 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان عدالت میں جائے تاکہ سارا ریکارڈ عوام کے سامنے آئے ، گھڑی بیچ کر حاصل ہونے والے پیسے کب اور کیسے ٹرانسفر ہوئے ، ان کو جواب دینا پڑے گا، گالم گلوچ کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہو گا حکومت ان کیسز کو آگے بڑھائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ریکارڈ کرپشن کی گئی اور اب وہ چاہتے ہیں کہ ان کی کرپشن کا معاملہ دب جائے، اقتدار جانے کے بعد بیرونی سازش کا الزام لگایا گیا، اب یہ سازش کے بیانئے سے بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں، عمران خان نے پاکستان کو تباہ کرنے کی پوری کوشش کی اور پاک فوج کے افسران کے خلاف ہرزہ سرائی کرتا رہا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخالفین پر الزامات کی بھر مار کی ، کیسز بنائے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ عمران خان کی منی لانڈرنگ کا واضح ثبوت ہے ، سعودی ولی عہد کے تحفے کی گھڑی دبئی میں جاکر بیچ دی، عمران خان نے جو گھڑی دبئی میں بیچی اس کی رقم پاکستان کیسے آئی؟ پیسے کب اور کیسے ٹرانسفر ہوئے ، ان کو جواب دینا پڑے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالت میں جائے تاکہ سارا ریکارڈ عوام کے سامنے آئے ، انہوں نے اپنے فائدے کیلئے توشہ خانہ کے قانون میں تبدیلی کی، جوانہوں نے پیسے کئے وہ کیسے آئے؟ انہوں نے فرح گوگی کے کیسز ختم کرائے ، این آرا و دیا، گالم گلوچ کرنے سے معاملہ ختم نہیں ہو گا اور حکومت ان کیسز کو آگے بڑھائے گی۔ 
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام اخلاقی اقدارکراس کئے، آئین کے مطابق ان کو جانچا جائے، لانگ مارچ میں ان پر حملہ پنجاب میں ہوا، ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تو اس کا وفاقی حکومت سے کیا تعلق؟ پرویز الٰہی سے پوچھیں، حملے کاملزم عدالت میں کیوں نہیں پیش کیا گیا، سوالات کاجواب عمران خان کو دینا پڑے گا، پاکستان میں اس وقت آئین کی حکمرانی ہے، جب سے ہماری حکومت آئی، ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہے مگر عمران خان کے دور حکومت میں (ن) لیگ قیادت جیلوں میں قید رہی۔ 

مزیدخبریں