توشہ خانہ میں پاکستان، دبئی یا پھر چاند پر مقدمہ کریں، رسیدیں تو وہاں بھی دینا پڑیں گی: مریم اورنگزیب

04:46 PM, 16 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ توشہ خانہ میں پاکستان، دبئی، مریخ یاپھر چاند جہاں کہیں بھی مقدمہ کریں، رسیدیں تو وہاں بھی دینا پڑیں گی، عمران خان عدالت جانے کی تاریخ بتائیں۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ سے متعلق عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان اینف از اینف، فارن فنڈنگ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کا جواب تو دینا پڑے گا۔ گھڑی عمران خان نے 2 کروڑ کی خریدی، عمران خان نے ہینڈلرز کے ذریعے 28 کروڑ کی بیچی، پیسے منی لانڈر ہو کر پاکستان آئے اور پیسے ڈکلیئر نہیں کئے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، دبئی، مریخ یا پھر چاند جہاں کہیں بھی مقدمہ کریں، رسیدیں تو وہاں بھی دینا پڑیں گی۔ بڑکیں نا ماریں، سوال یہ ہے، گھڑی دو کروڑ کی لی؟ 28 کروڑ کی بیچی؟ پیسے پاکستان فرح گوگی لائیں؟ پیسے ڈکلیئر نہیں کئے؟ عمران خان اعلان نہ کریں، عدالت جانے کی تاریخ بتائیں۔ 
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت جانے کی تاریخ کے ساتھ گھڑی بیچنے کی رسید بھی ٹویٹ کریں؟ 2 کروڑ میں گھڑی لے کر 28 کروڑ میں بیچ دی، اسے ڈکلیئر نہیں کیا؟ عمران خان صاحب بتائیں کہ گھڑی کے پیسے پاکستان کون لایا اور کیسے؟ 
وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہینڈلرز فرح گوگی اور شہزاد اکبر پکڑے گئے ہیں، جھوٹے الزامات پہ سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھو؟ خود پر ”جرم“ ثابت ہو تو ’بیسلیس‘ کی گردان؟ توشہ خانہ کیس کے کسی نوٹس کا جواب نہیں دیا اور کسی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے؟ 

مزیدخبریں