لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو ریکوری کیلئے پورے 2 سے 3 ماہ درکار ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے گھٹنے کی انجری کے بعد ایک بار پھر متاثرہ جگہ پر زور پڑا ہے اور میرے خیال میں انہیں ریکوری کیلئے پورے 2 سے 3 ماہ درکار ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کو فیلڈنگ کے دوران یہ خیال رکھنا ہو گا کہ کسی ایسی پوزیشن میں ڈائیو نہ لگائیں جس کے بعد ایک بار پھر ری ہیب کی ضرورت پڑ جائے۔
سابق کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو اب بہت احتیاط سے کھیلنا ہو گا،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو انہیں بہت احتیاط سے کھلانا ہو گا تاکہ وہ دوبارہ انجری کا شکار نہ ہوں۔
دوسری جانب سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے میڈیکل پینل نے فخرزمان کو فٹ قرار دیا مگر وہ چند اوورز میں ہی ہمت ہار گئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی مکمل فٹ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر کو ان فٹ ہونے کے باوجود ورلڈکپ میں کھلایا گیا، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ میڈیکل پینل سپورٹس انجریز کے بارے میں کچھ جانتا بھی ہے یا نہیں۔