اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کی دوپہر 12 بجے طلب کرلیا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر عارف علوی نے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس طلب کرلیاجو دوپہر 12 بجے ہوگا۔ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین بل سمیت دیگر بلز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سے قبل 11 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا تھا تاہم بعد میں حکومت نے اجلاس مؤخر کر دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اہم معاملات پر اپوزیشن سے مشاورت کیلئے تھوڑا اور وقت دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز حکومتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ اتحادیوں سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کے دن 12 بجے بلایا جا رہا ہے جس میں 8 بلز پیش کیے جائیں گے اور تمام اتحادی گروپ اکٹھے ہیں۔