خدشہ ہے تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، وزیر اعظم عمران خان

خدشہ ہے تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: خدشہ ہے تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، وزیر اعظم عمران خان
سورس: فائل فوٹو

جہلم: وزیراعظم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے اور حیرت اس بات کی ہے کہ ہمارے ملک میں اپوزیشن مشین سے ڈری ہوئی ہے لیکن پوری دنیا میں الیکٹرانک ووٹنگ کا استعمال ہوتا ہے

وزیر اعظم عمران خان نے للہہ تا جہلم روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیران ہوں اپوزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈری ہوئی کیوں ہے اور حیرت ہے اپوزیشن مشین سے ڈری ہوئی ہے لیکن آج ٹیکنالوجی کی وجہ سے جھوٹ نہیں بولا جا سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صرف اگلے الیکشن کا سوچنے سے ملک آگے نہیں بڑھتے اور ملک تب آگے بڑھتے ہیں جب وہ آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں اور جب تک ہمارے اندر یہ سوچ نہیں آ جاتی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ پاکستان کو پانی کی ضرورت ہے اور آگے پانی کی کمی آنے والی ہے جبکہ 50سال بعد ملک میں پہلی بارڈیمز بن رہے ہیں اور 22 کروڑ عوام کی اناج کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پانی کی ضرورت ہے۔ 

انہوں نے کہا عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث خدشہ ہے کہ پیٹرول کی قیمتیں مزید بڑھانے پڑھیں گی۔ دنیا میں تین ماہ کے دوران تیل کی قیمتیں دگنی ہو گئی ہیں اور پیٹرول سمیت تمام درآمدی اشیا مہنگی ہوئی ہیں جبکہ مہنگائی کا سیلاب باہر سے آ رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کورونا کے دوران ہم نے اپنے لوگوں، معیشت اور روزگار کو بچایا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان سمیت  پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی ہے اور جو چیزیں باہر سے مہنگی آتی ہیں ان کی قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ ورلڈ بینک کے مطابق ہمارے دور حکومت میں پاکستان میں غربت کم ہوئی کیونکہ ہماری حکومت نے کورونا وبا کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا۔