لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آسٹریلیا میں آئندہ سال شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کے 7 میزبان شہروں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق فائنل میچ کی میزبانی کا اعزاز میلبورن کرکٹ سٹیڈیم کو حاصل ہو گا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق آئندہ سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو گا جس دوران ایڈیلیڈ، برسبین، ہوبارٹ، پرتھ، سڈنی اور میلبورن میں کھیلے جائیں گے۔
مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 9 نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا اور دوسرا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ایڈیلیڈ میں ہو گا جبکہ فائنل میچ 13 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
رواں مہینے اختتام پذیر ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں چیمپین بننے والی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سپر 12 مرحلے میں کوالیفائی کرچکی ہیں جبکہ انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقہ بھی براہ راست سپر 12 مرحلہ کھیلیں گی تاہم نمیبیا، سکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں راؤنڈ ون میں کھیلیں گی۔
آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے بقیہ چار ٹیمیں دوکوالیفائنگ ٹورنامنٹس سے آئیں گی جن میں سے پہلا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ فروری میں عمان میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جون، جولائی میں زمبابوے میں ہو گا۔
ٹی 20 ورلڈکپ 2022 ءکے میچز آسٹریلیا کے کن شہروں میں کھیلے جائیں گے؟ اعلان ہو گیا
02:32 PM, 16 Nov, 2021