اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ خود وکیل ہوں شوکاز نوٹس کے چکر میں نہیں پڑنا چاہتا ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں ادارے اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف نازیبا الفاظ اورالزامات کیس کی سماعت ہوئی جس میں وفاقی وزیر فواد چوہدری خود الیکشن کمشن میں پیش ہوئے ۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں خودوکیل ہوں ا ور شو کاز نوٹس کے چکر میں نہیں پڑنا چاہتا ، اس پر ممبرز الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل تو عدالت سے لڑائی نہیں کرتے، عدالت کے اندر لڑائی ہوتی ہے،عدالت کے باہر تو لڑائی نہیں ہوتی۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا ذاتی احترام ہے، میں کابینہ کا ماؤتھ پیس ہوں، اکثر باتیں وہ کرتا ہوں جو میرے الفاظ نہیں ہوتے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو گالی نہیں دی تاہم میں معذرت کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر کی معذرت پر ممبرز الیکشن کمیشن نے کہا کہ جوآپ کہہ رہے ہیں آپ تحریری طور پرجمع کرادیں۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کے باہر گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوا،اداروں کا احترام کرتا ہوں، ان کے خلاف کوئی بات نہیں کرتا۔ان کا کہنا تھا کہ بطوروزیراطلاعات جو بات کرتا ہوں وہ کابینہ کی پالیسی ہوتی ہے، ہم ججز اور اداروں کا احترام کرنے اور آگے چلنے پر یقین رکھتے ہیں، امید ہے الیکشن کمیشن مثبت نظریہ اپنائے گا جس سے آگے بڑھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ادارے کے خلاف نازیبا الفاظ اور الزامات پر وفاقی وزرا اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو نوٹسز جاری کئے گئے تھے ۔