لاہور: رمضان شوگر ملز کرپشن کیس میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کر لیا ۔
احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تو حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت میں شہباز شریف کے نہ ہونے کے باعث وکلاء نے انکی موجودگی میں بیان ریکارڈ کرانے کی استدعا کی تو عدالت نے شہباز شریف کے وکلاء کی استدعا منظور کر لی ۔ احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج نے کیس پر سماعت کی ۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے ۔ دونوں رہنماؤں کے صحت جرم کے انکار پر عدالت نے گواہان کو طلب کیا ۔
نیب ریفرنس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر رمضان شوگر مل کے لیے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے ۔ ریفرنس کے مطابق ملزمان نے رمضان شوگر ملز کے لئے 10 کلومیٹر طویل نالہ بنوایا ۔ ملزمان کے اقدامات سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ کا نقصان پہنچا ۔
مولانا رحمت اللہ کی درخواست پر نیب نے جولائی 2018 میں انکوائری شروع کی ۔