لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا نہ پہلے کوئی وجود تھا، نہ اب ہے۔ اس کو بھیک میں ملنے والی چند سیٹیں دھونس، دھاندلی، مسلم لیگ ن سے توڑے گئے امیدواروں اور سلیکٹرز کی مرہون منت ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق میں موجود حکمران جماعت کو پہلی بار یہاں ایسی شکست فاش ہوئی ہے، یہ شکست آنے والے دنوں کی کہانی سنا رہی ہے۔
مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پوری ریاستی طاقت، حکومتی اداروں، سرکاری مشینری کا زور زبردستی اور جبر کے ہتھکنڈوں سے وفاداریاں تبدیل کرانے اور بدترین دھاندلی کے باوجود سادہ اکثریت بھی حاصل نہ کرنا شرمناک شکست ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہارنے والوں کو لوٹا پارٹی سے دگنی سیٹوں کا ملنا کٹھ پتلی پر عوام کا عدم اعتماد ہے۔ پنجاب اور وفاق کی طرح سادہ اکثریت نہ ملنے کے باوجود تمھیں بیساکھیاں فراہم کر کے حکومت تو بنوا دی جائے گی لیکن اس آئینے میں اپنا چہرہ ضرور دیکھو جو گلگت بلتستان کے عوام نے تمہیں دکھایا ہے۔
لیگی رہنما نے اپنے ٹویٹ میں گلگت بلتستان کی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بہادر لوگو، اس دھاندلی سے ہمت نہیں ہارنا، یہ ریت کی دیوار ہے جو گرنے والی ہے۔ اب کٹھ پتلی کا کھیل ختم ہونے کو ہے۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے بھی گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی حکومتیں کامیاب نہیں ہوتیں۔ یہ الیکشن ماضی کے انتخابات کی طرح سیاہ ہیں۔