کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ ٹیسٹ مثبت آتے ہی انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انھیں جمعہ کے دن ہلکا بخار محسوس ہوا تھا، احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انہوں نے اپنا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔ مجھے ابھی ہلکا بخار محسوس ہو رہا ہے، باقی دیگر اور کوئی علامات محسوس نہیں ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ روز کورونا وائرس میں مبتلا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کو طبیعت بگڑنے پر ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ اس بات کی تصدیق انہوں نے خود اپنے ٹویٹر اکائونٹ سے کی۔
عامر لیاقت حسین نے ہاتھ جوڑ کر لوگوں سے التجا کی ہے کہ وہ ان کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کریں کیونکہ وہ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے شدید بیمار ہیں۔
رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین کی دوسری اہلیہ طوبیٰ نے بھی گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے خاوند کی طبیعت بگڑنے کی تصدیق کی اور کہا کہ آج ان کی سالگرہ ہے لیکن وہ اسے منا نہیں سکتیں کیونکہ ان کے شوہر اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ ان کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔