گلگت بلتستان الیکشن 2020ء: پاکستان تحریک انصاف نے10 سیٹوں کیساتھ فتح کا جھنڈا گاڑ دیا

08:24 AM, 16 Nov, 2020

گلگت: گلگت بلتستان میں گزشتہ روز تیسری قانون ساز اسمبلی کیلئے منعقد ہونے والے الیکشن 2020ء کی 23 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج آچکے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 10 سیٹوں کیساتھ واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ حلقہ 3 میں 22 نومبر کو انتخابات ہونگے۔

 

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق گلگت بلتستان الیکشن 2020ء میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 10 نشستیں حاصل کرکے تمام دیگر جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

دیگر جماعتوں کے امیدوار واضح برتری لینے میں ناکام رہے۔ ان کے مقابل آزاد امیدواروں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی اور 7 نشستوں پر فتح حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

2009ء میں گلگت بلتستان میں اپنی حکومت قائم کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار خاطر خواہ کارکردگی اور اپنے ووٹرز کو لبھانے میں ناکام رہے۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حالیہ انتخابات میں پیپلز پارٹی صرف 3 نشستیں حاصل کر سکی۔

اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حصے میں صرف 2 جبکہ مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کا صرف ایک امیدوار انتخابات میں فتح اپنے نام کر سکا۔

گلگت بلتستان الیکشن 2020ء کے حلقہ وار غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج درج ذیل ہیں:

جی بی ایل اے 1: گلگت ون

اس حلقے کے غیر سرکاری نتائج میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار امجد حسین گیارہ ہزار ایک سو اٹہتر ووٹ لے کر فاتح قرار پائے، ان کے مدمقابل آزاد امیدوار مولانا سلطان رئیس نے دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے مقابلے میں اچھی کارکردگی دکھائی اور دو ہزار اکیاون ووٹ حاصل کئے۔

جی بی ایل اے 2: گلگت ٹو

جی بی ایل اے 2، گلگت ٹو کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج بھی جاری ہو چکے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے امیدوار فتح اللہ کو میدان میں اتارا تھا جو صرف 6 ہزار چھ سو  چھیانوے ووٹ لیکر جیت گئے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار جمیل احمد  6  ہزار چھ سو چرانوے  ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں ۔ 

جی بی ایل اے 4: نگر ون

جی بی ایل اے 4، نگر ون کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار امجد حسین نے میدان مار لیا ہے۔ انہوں نے چار ہزار سات سو سولہ ووٹ حاصل کئے اور اپنے مدمقابل اسلامی تحریک پاکستان کے امیدوار محمد ایوب کو شکست دی۔ محمد ایوب نے چار ہزار دو سو اکیاون ووٹ حاصل کئے۔

جی بی ایل اے 5: نگر ٹو

جی بی ایل اے 5، نگر ٹو کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اس حلقے میں بڑی جماعتوں کا کوئی بھی امیدوار اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا۔ ان کے مقابلے میں آزاد امیدوار جاوید علی منوا نے دو ہزار پانچ سو ستر ووٹ لے کر فتح سمیٹی، ان کے مقابل کھڑے مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے امیدوار حاجی رضوان نے ایک ہزار آٹھ سو پچاس ووٹ لئے۔

جی بی ایل اے 6: ہنزہ

جی بی ایل اے 6، ہنزہ کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عبیداللہ بیگ پانچ ہزار چھ سو بائیس ووٹ لے کر فاتح رہے جبکہ ان کے مدمقابل آزاد آزاد امیدوار نور محمد تھے جنہوں نے 4 ہزار پانچ سو چوراسی ووٹ لئے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 7: سکردو 1

گلگت بلتستان کے اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار راجا زکریا کامیاب رہے۔ انہوں نے پانچ ہزار دو سو نوے ووٹ لئے اور فتح سمیٹی جبکہ ان کے مقابلے میں کھڑے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار سید مہدی شاہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے چار ہزار ایک سو چودہ ووٹ لئے۔

جی بی ایل اے 8: سکردو 2

جی بی ایل اے 8، سکردو ٹو کے ابتدائی نتائج بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق اس حلقے سے بڑی جماعت کا کوئی امیدوار فتح نہ سمیٹ سکا، ان کے مقابلے میں مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے امیدوار محمد کاظم نے جیت اپنے نام کی، انہوں نے سات ہزار پانچ سو چونتیس ووٹ لئے۔ ان کا مقابلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد علی شاہ سے تھا جنہوں نے سات ہزار ایک سو چھیالیس ووٹ حاصل کئے۔

جی بی ایل اے 9: سکردو تھری

جی بی ایل اے 9، سکردو 3 کے ابتدائی طور پر جاری ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس حلقے میں بھی پاکستان کی بڑی جماعتیں اپنے ووٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہیں، ان کے مقابلے میں ایک آزاد امیدوار محمد سلیم نے چھ ہزار آٹھ سو پینسٹھ ووٹ لئے اور کامیاب قرار پائے۔

جی بی ایل اے 10: سکردو 4

جی بی ایل اے 10، سکردو چار میں بھی ایک آزاد امیدوار نے میدان مارا۔ غیر سرکاری طور پر جاری ہونے والے نتائج کے مطابق آزاد امیدوا راجا ناصر نے پانچ ہزار ایک سو چوبیس ووٹ لے کر کامیاب رہے تاہم ان کے مقابلے کیلئے میدان میں اترنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار وزیر حسن نے تین ہزار چھ سو چوراسی ووٹ لئے۔

جی بی ایل اے 11: کھرمنگ

اس حلقے کے جاری ہونے والے غیر حتمی نتیجے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سید امجد علی نے پانچ ہزار آٹھ سو بہتر ووٹ لئے اور کامیابی سمیٹی جبکہ ان کا مقابلہ کرنے انتخابی میدان میں اترے امیدوار محسن رضوی کو ایک ہزار تین سو چھیانوے ووٹ ملے۔

جی بی ایل اے 12: شگر

جی بی ایل اے 12، شگر کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فتح اپنے نام کی۔ اس میدان میں پی ٹی آئی نے راجا اعظم خان کو میدان میں اتارا تھا جنہوں اپنے قائدین کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے 9 ہزار 3 سو 22 ووٹ لئے جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے رہنما عمران ندیم نے 7 ہزار 6 سو 63 ووٹ لئے۔

جی بی ایل اے 13: استور ون

جی بی ایل اے 13، استور ون کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار ہی جیتا۔ غیر سرکاری طور پر جاری نتائج کے مطابق خالد خورشید نے 4836 ووٹ لے کر اپنے مدمقابل پیپلز پارٹی کے امیدوار کو شکست دی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحمید کو 3117 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 14: استور ٹو

جی بی ایل اے 14 استور 2 کے جاری ہونے والے نتائج میں یہاں بھی پی ٹی آئی نے میدان مارا۔ غیر سرکاری او غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اس حلقے سے اپنے امیدوار شمس الحق کو میدان میں اتارا تھا جنہوں نے اپنے قائدین کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے تگڑا مقابلہ کیا اور پانچ ہزار تین سو چون ووٹ لے کر فتح یاب رہے۔ ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا امیدوار مظفر علی صرف 3 ہزار چار سو 79 ووٹ لے سکا۔

جی بی ایل اے 15: دیامر ون

جی بی ایل اے 15، دیامر ون سے جاری غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس حلقے سے ایک آزاد امیدوار نے فتح سمیٹی ہے۔ حاجی شاہ بیگ نامی اس امیدوار کا مقابلہ بھی آزاد امیدوار محمد دلپذیر سے رہا۔ نتیجے کے مطابق حاجی شاہ بیگ نے 2713 ووٹ لئے جبکہ محمد دلپذیر کے حصے میں 2309 ووٹ لئے۔

جی بی ایل اے 16، دیامر ٹو

جی بی 16، دیامر 2 کے غیر سرکاری نتائج میں کہا گیا ہے کہ یہاں سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ لیگی رہنما محمد انور کا مقابلہ آزاد امیدوار سے تھا۔ انہوں نے 4813 ووٹ حاصل کئے جبکہ آزاد امیدوار عطا اللہ نے 4314 ووٹ لئے۔

جی بی ایل 17: دیامر تھری

جی بی ایل اے 17، دیامر تھری سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار حیدر خان پانچ ہزار تین سو 89 ووٹ لے کر فتح مند رہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے امیدوار رحمت خالق 5162 ووٹ لے کر ناکام رہے۔

جی بی ایل اے 18: دیامر 4

جی بی ایل اے 18، دیامر 4 کے حلقے سے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا امیدوار ہی فاتح قرار پایا۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی رہنما گلبر خان نے اپنے مدمقابل آزاد امیدوار کو شکست دی اور 6 ہزار 7 سو 93 ووٹ لینے میں کامیاب رہے جبکہ آزاد امیدوار ملک کفایت الرحمن نے 5 ہزار 9 سو 86 ووٹ حاصل کئے۔

جی بی ایل اے 19: غذر ون

جی بی ایل اے 19، غذر ون سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے اپنے امیدوار سید جلال علی کو میدان میں اتارا تھا لیکن وہ علاقے کے لوگوں کا اعتماد لینے میں ناکام رہے اور صرف 4967 ووٹ حاصل کرسکے۔ دوسری جانب ان کے مدمقابل آزاد امیدوار وزیر خان ناجی نے 6208 ووٹ لئے اور کامیابی اپنے نام کی۔

جی بی ایل اے 20: غذر ٹو

گلگت بلتستان کے اس حلقے میں بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار کو ہی فتح حاصل ہوئی۔ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹٰی آئی امیدوار نذیر احمد نے 5582 ووٹ لئے اور کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار اکبر خان کو 3415 ووٹ ملے اور وہ دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 21: غذر تھری

گلگت بلتستان کے اس حلقے میں سے سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا امیدوار جیتا جس کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سے تھا۔ لیگی امیدوار غلام محمد نے 4334 ووٹ لئے اور کامیاب قرار پائے جبکہ پی پی کے امیدوار ایوب شاہ کو 3430 ووٹ ملے۔

جی بی ایل اے 22، گھانچے ون

اس حلقے کے جاری غیر سرکاری اور غیر حتمی ابتدائی نتیجے میں بتایا گیا ہے کہ اس حلقے سے بھی کسی بڑی جماعت کے امیدوار کو کامیابی نہیں ملی۔ اس گھانچے ون سے آزاد امیدوار مشتاق حسین میدان میں اترے تھے، انہوں نے چھ ہزار اکیاون ووٹ حاصل کئے اور کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی امیدوار ابراہیم نثائی نے چار ہزار 9 سو پینتالیس ووٹ لئے اور دوسرے نمبر پر رہے۔

جی بی ایل اے 23: گھانچے ٹو

اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف نے آمنہ انصاری کو میدان میں اتارا تھا، ان کی جیت کی پیشگوئی کی جا رہی تھی لیکن ان کے مدمقابل انتخاب میں حصہ لینے والے ایک آزاد امیدوار حاجی عبدالحمید نے کامیابی سمیٹی۔ حاجی عبدالحمید 3666 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی امیدوار آمنہ انصاری 3296 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

جی بی ایل اے 24: گھانچے تھری

گلگت بلتستان کے آخری حلقے جی بی 24، گھانچے تھری سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سید شمس الدین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، ان کے حصے میں پانچ ہزار تین سو 61 ووٹ آئے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد اسماعیل چھ ہزار دو سوچھ ووٹ لے کر کامیاب رہے۔

مزیدخبریں