جے یو آئی ف کا پلان بی، کئی شہروں میں شاہراہیں تیسرے روز بھی بند

جے یو آئی ف کا پلان بی، کئی شہروں میں شاہراہیں تیسرے روز بھی بند
کیپشن: Image Source: File Photo

پشاور: جمعیت علمائے اسلام کا پلان بی جاری ہے، نوشہرہ، بنوں سمیت ملک کے کئی شہروں میں شاہراہیں تیسرے روز بھی بند ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، جمعیت علمائے اسلام کے کارکن نوشہرہ، حکیم آباد میں جی ٹی روڈ پر آج بھی براجمان ہیں۔ دھرنے کے باعث جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے بند ہے، سڑک کی بندش سے ٹریفک کو متبادل روٹ پر منتقل کیا گیا، ملاکنڈ میں بھی پلان بی کے تحت دھرنا جاری ہے، بارش کے باعث مظاہرین کے خیمے گر گئے۔

 

بنوں میں انڈس ہائی وے پر بھی دھرنا کا تیسرا روز ہے، شہری متبادل راستے استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ کندھ کوٹ میں بھی نیشنل ہائی وے پر کارکنوں نے دھرنا دیا ہوا ہے، ٹریفک معطل ہے، گھوٹکی میں بھی مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

 

ژوب سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جے یوآئی ف کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔