لاہور: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کےپیش نظر ایران سے ٹماٹروں کی درآمد شروع ہو گئی۔ 4 ٹریلر ایرانی ٹماٹروں کی بھاری کھیپ لے کر کوئٹہ اور 9 ٹریلر پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچ گئے۔
کسٹم حکام کے مطابق ایران سے آنے والے ٹریلروں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر لدا ہوا ہے۔ ایرانی ٹماٹر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 7 نجی کاروباری کمپنیوں نے درآمد کیے ہیں۔ایران سے درآمد کیے گئے ٹماٹر کراچی اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے بھیجے جائیں گے۔
دوسری جانب سوات کے ٹماٹروں کی فصل بھی تیار ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں ان ٹماٹروں کی سپلائی شروع ہو گئی ہے۔
زرعی ماہرین کا بتانا ہے کہ سوات میں 500ہزار ایکٹر زمین پر ٹماٹر کی فصل اُگائی جاتی ہے۔ ہر سال سوات میں51 ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔
سوات میں ٹماٹر کے زیادہ تر باغات بریکوٹ اور شموزئی کے مقام پر دریائے سوات کے کنارے واقع ہیں۔ آج کل یہاں کے ٹماٹر کراچی ، پنڈی ، لاہور سمیت ملک کے مختلف منڈیوں میں سپلائی کیے جا رہے ہیں۔