اسلام آباد: اسلام آباد سے ایس ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور افغانستان میں قتل کے بعد سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان لاپتہ ہو گئے، جمعرات کو دفتر سے واپس گھر نہیں آئے۔
تفصیلات کے مطابق لاپتہ افسر کے برادر نسبتی حسن کی جانب سے تھانہ آبپارہ کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایاز خان جمعرات کو گھر سے سی ڈی اے دفتر جی 6 گئے، وہ رات 8 بجے تک اپنی اہلیہ سے رابطے میں تھے اور جلد گھر آنے کا بتایا، رات 8 بجے کے بعد ایاز خان کے دونوں موبائل نمبر اچانک بند ہوگئے، اس کے بعد سے اب تک وہ گھر واپس آئے نہ ہی رابطہ کیا، سی ڈی اے آفس سیکٹر جی 6 گئے تو ایاز خان کی گاڑی وہاں موجود تھی۔
پولیس کے مطابق ایازخان کی اہلیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خاوند سے آخری بار فون پر بات ہوئی تو انہوں نے کورنگ میں ہونے کا بتایا، اہلخانہ کی اطلاع پر رپورٹ درج کر کے سی ڈی اے افسر کی تلاش شروع کی تو پہلا انکشاف یہ ہوا کہ میلو ڈی مارکیٹ کے گرد نصب سیف سٹی کے کیمرے بھی خراب ہیں۔