لاہور: سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر کے تالاب کو پانی سے بھرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں کٹاس راج تالاب کے پانی کے استمال کے از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سیمنٹ فیکٹریوں میں استعمال ہونے والے پانی کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی اور چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ڈی سی چکوال آگاہ کریں سیمنٹ فیکٹریوں نے اتنا پانی کہاں سے حاصل کیا۔ جب کہ ساتھ ہی عدالت نے کٹاس راج مندر کے تالاب کو پانی سے بھرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پانی ٹینکروں سے لے جانا پڑے لے کر جائیں اور تالاب بھرا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کٹاس راج مندر کے تالاب کے خشک ہونے پر ازخود نوٹس لے رکھا ہے جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے خود بھی کٹاس راج مندر کا دورہ کیا تھا اور تالاب نہ بھرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔