اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے دبئی کی پراپرٹی پر بھاری جرمانہ اور ٹیکس ادا کر دیا۔ ذرائع کے مطابق علیمہ خانم نے دبئی کی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کا 50 فیصد ایف بی آر کو دے دیا ۔
انہوں نے یہ رقم 25 فیصد ٹیکس اور 25 فیصد جرمانے کی مد میں ادا کی ۔ علیمہ خانم کے وکیل نے ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اس حوالے سے آگاہ بھی کر دیا اور ٹیکس بھی ادا کر دیا۔
واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 27 اکتوبر کو سیاسی تعلقات رکھنے والے 44 ایسے افراد کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جن کی متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں تھیں۔
ایف آئی اے کی سپریم کورٹ میں پیش کردہ فہرست میں علیمہ خانم کی بے نامی پراپرٹی کا ذکر تھا اور ایف آئی نے سپریم کورٹ کو بتایاتھا کہ علیمہ خانم کو نوٹس بھیجا گیا ہے جس پر انہوں نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا تھا۔