اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایف آئی اے کو ملک بھر میں حوالہ، ہنڈی کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حوالہ اور ہنڈی کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ملک بھر میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور اور منظم کارروائی کی جائے۔وزیراعظم کے حکم پر عملدرآمد کے لیے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے تمام زونز کے ڈائریکٹرز کو فوری کریک ڈاؤن کی احکامات جاری کر دیئے گئے۔
ایف آئی اے نے کریک ڈاؤن میں ملازمین کی بجائے ہنڈی کا اصل دہندہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے زونل ڈائریکٹرز کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ روزانہ ہر زون پانچ چھاپے مارے اور جامع رپورٹ جمع کرائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے نے جمعہ کو زونل ڈائریکٹرز کا خصوصی اجلاس بلا لیا ہے۔