امریکی اور ایشیائی تنظیموں کی رپورٹ میں میانمار کی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے گلے کاٹنے اور انہیں زندہ جلائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں کی 30 صفحات پر مشتمل رپورٹ میںرخائن میں منظم اور وسیع پیمانے پر قتل و غارت گری کی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور عام افراد نے انسانیت کے خلاف جرائم اور نسلی صفائے کے مرتکب ہوئے۔
رپورٹ میں میانمار فورسز کے حملوں میں زندہ بچ جانے والے عینی شاہدین اور امدادی کارکنوں کے بیانات کو شامل کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق میانمار کی فورسز نے ایک حملے میں 100،100 افراد کا قتل بھی کیا گیااور لاشیں اکٹھی کرکے انہیں آگ لگائی گئی۔
انسانی حقوق کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میانمار کے فوجیوں نے خواتین کی عزتیں لوٹیں،اجتماعی زیادتی کی، لوگوں کو زندہ جلایا اور بلاامتیاز بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔رپورٹ میں شامل واقعات 2016 میں اکتوبر سے دسمبر کے درمیان اور رواں سال اگست کے بعد پیش آئے جب مزاحمت کاری کے بہانے نام نہاد آپریشن شروع کیا گیا۔