گلابی رنگ کے دنیا کے بہت نایاب اور مہنگے ترین ہیروں میں سے ایک کو اٹھارہ اعشاریہ ایک ملین سوئس فرانک یا قریب سترہ ملین یورو کے عوض نیلام کر دیا گیا ہے۔ اس ہیرے کو ایک ایسی شخصیت نے خریدا، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ یہ نیلامی سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں معروف نیلام گھر کرِسٹیز میں عمل میں آئی۔ فینسی وِیوِڈ نامی گلابی رنگ کے ایسے ہیرے دنیا میں بہت ہی کمیاب ہیں اور ایسے ہی ایک قیمتی پتھر کے لیے ادا کی جانے والی قریب سترہ ملین یورو کی قیمت دنیا بھر میں ایسے کسی ہیرے کے لیے آج تک ادا کی گئی دوسری سب سے بڑی قیمت ہے۔ ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں تمام ہیروں میں سے محض ایک فیصد جواہر اس قسم کے ہوتے ہیں۔ 9.14 قیراط وزن کا یہ ہیرا پوری دنیا میں گلابی رنگ کا دوسرا سب سے بڑا ہیرہ ہے۔