معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے باضابطہ طور پر ویڈیو کالنگ کی سہولت متعارف کروا دی ہے۔ یہ سہولت پہلے بھی موجود تھی لیکن وہ صرف اینڈرائڈ صارفین کو دستیاب تھی۔واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بہت جلد صارفین واٹس ایپ کے ذریعہ ویڈیو کالز بھی کر سکیں گے۔ اس سے قبل صارفین کو ٹیکسٹ اور وائس کالز کی سہولت میسر تھی۔ یہ فیچر جب اپ ڈیٹ کردیا جائے گا تو بہت آسانی سے وائس کالز کی طرح ہی استعمال کیا جاسکے گا۔
گزشتہ ماہ واٹس ایپ نے یہ فیچر ٹیسٹنگ کے طور پر صرف اینڈرائڈ صارفین کو فراہم کیا تھا۔ ٹیسٹنگ فیچر استعمال کرنے والے صارفین کی جانب سے بار بار کال منقطع ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں ۔اب اس فیچر کو بہتر کر کے تمام صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ایپ میں موجود تمام فیچرز کو تمام صارفین کے لیے دستیاب بنانا چاہتے ہیں اور یہ قدم اسی تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔
اپنے آغاز کے ساتھ ہی بہت جلد مقبول ہونے والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو سنہ 2009 میں بنایا گیا تھا اور سنہ 2014 میں فیس بک نے اسے خرید لیا تھا۔