واشنگٹن : پاکستان اورافغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی ایلچی رچرڈ اولسن نے ریٹائر ہونے کا اعلان کیا ہے، وہ تین دہائیوں سے امریکی محکمہ خارجہ سے وابستہ اور اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔امریکی میڈیا کے مطابق محکمہ خارجہ میں منعقدہ ریٹائرمنٹ کی ایک باضابطہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ جان کیری نے رچرڈ اولسن کی قابلِ قدر خدمات کو سراہا۔
کیری نے کہا کہ رچرڈ اولسن وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ اہل کار تھے جنھوں نے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور حالیہ برسوں کے دوران افغانستان و پاکستان میں خدمات انجام دیں۔اس سے قبل وہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان میں سفیر رہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ نمائندہ خصوصی کے طور پر رچرڈ اولسن نے افغانستان اور پاکستان میں غیرمعمولی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے گذشتہ 15 برس کے دوران افغانستان میں ہونے والی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جس میں افغانوں کی قیادت میں ا مفاہمتی عمل شامل ہے۔انھوں نے کہا کہ اولسن نے پاکستان کے ساتھ مضبوط اور تعمیری تعلقات استوار کرنے کا عزم جاری رکھا۔
جسے انھوں نے، ”ان کی غیر متزلزل سفارتی خدمات“ کی ایک قابل قدر مثال قرار دیا۔اپنی 34 برس کی طویل سفارت کاری کے دوران، رچرڈ اولسن پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں سفیر رہے جب کہ وہ کابل میں امریکی سفارت خانے میں ترقی اور معاشی امور کے سربراہ رابطہ کار رہے وہ میکسیکو، یوگنڈا، تیونس، سعودی عرب، ایتھیوپیا، عراق اور نیٹو کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں کئی قائدانہ عہدوں پر فائز رہے۔
امریکا کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان رچرڈ اولسن ریٹائر
12:05 PM, 16 Nov, 2016