اسلام آباد: ترکی صدر رجب طیب اردوان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنیوالے 19ویں عالمی رہنما ہوں گے۔ اردوان پہلے عالمی رہنما ہیں جنہیں پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے تیسری مرتبہ خطاب کا اعزاز ہوگا۔
پہلے دو بار2009 ءاور 2012ء میں بطور ترک وزیر اعظم پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا،اب تیسری بار کل بطور ترک صدر رجب طیب اردوان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس، قومی اسمبلی یا سینیٹ سے اب تک 18ممالک کے سربراہ خطاب کرچکے۔ سب سے پہلے ایران کے شاہ نے 15مارچ 1950میں پارلیمنٹ کے مشترک اجلاس سے خطاب کیا تھا۔
3جولائی 1962 میں ایرانی شاہ نے دوبارہ قومی اسمبلی کا دورہ کیااورکارروائی دیکھی۔ فلپائن کے صدرڈیاڈس مکا پاگل نے قومی اسمبلی سے 15جولائی 1962کوخطاب کیا تھا۔
انڈونیشیا کے صدراحمد سوئیکارنو نے قومی اسمبلی سے 26جون 1963کوخطاب کیا تھا۔ سری لنکا کے وزیر اعظم باندرانائیکے نے 5ستمبر 1974 ،ترک صدرکیونان ایورن نے 15نومبر 1985، فلسطین کے صدریاسر عرفات نے قومی اسمبلی سے 24جون 1989، فرانس کے صدر فرانکوئز مٹرانڈ نے20فروری 1990۔
ایران کے اسپیکر حجۃ الاسلام علی اکبر ناتیج نوری نے11اپریل 1994میں، چینی صدرجیانگ زمن نے سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے2 دسمبر 1996 ،کوئین الزبتھ ٹونے 8اکتوبر 1997کو، ترک وزیر اعظم طیب اردوان نے 26اکتوبر 2009میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔
چین کے وزیراعظم وین جیاباؤ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے19نومبر2010کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیاتھا، ترک وزیر اعظم طیب اردوان نے 21مئی 2012 میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے، چینی وزیراعظم لی کی گیانگ نے سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے 23مئی 2013۔ چینی صدرزی جنگ پنگ نے 21اپریل 2015میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا۔