برما میں پراسرار خلائی شے گرگئی

09:05 AM, 16 Nov, 2016

برما: شمالی برما میں آسمان سے ایک بڑی دھاتی سلینڈر نما چیز گری ہے جو ممکنہ طور پر کسی چینی سیٹیلائٹ یا ہوائی جہاز کی ہو سکتی ہے۔ 4.5 میٹر طویل اور ایک میٹر سے زیادہ قطر رکھنے والی یہ سلنڈر نما چیز ریاست کاچن کے علاقے ہپاکنٹ میں ایک قیمتی پتھروں کی ایک کان کے قریب گری۔ جبکہ اسی وقت قریبی گاؤں میں ایک چھوٹی سی دھاتی پلیٹ بھی گری ہے جس پر چینی زبان میں کچھ تحریر ہے۔ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ سامان ہو سکتا ہے کسی سیٹیلائٹ یا کسی ہوائی جہاز یا میزائل کے انجن کا پرزہ ہو۔ البتہ اس کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔یہ واقعہ اسی روز پیش آیا ہے جب چین کے سرکاری میڈیا نے بتایا تھا کہ بیجنگ نے حال ہی میں ایک سیٹیلائٹ خلا ميں بھیجا ہے۔ گو کہ اس کی تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی کہ یہ ٹکڑے اسی سیٹیلائٹ کا حصہ تھے لیکن مغربی میڈیا اب تک اسی پہلو پر زور دے رہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ خلا سے کوئی چیز زمین پر آ گری ہو۔ 1979ء میں امریکا کی 'اسکائی لیب' زمین پر گری تھی، جس کے کچھ ٹکڑے آسٹریلیا میں گرے تھے۔

مزیدخبریں