اسلام آباد : ترک صدر رجب طیب اردگان 2 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، نور خان ایئر بیس پر وزیر اعظم نواز شریف ان کا استقبال کریں گے۔
نیو نیوز کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔تاجروں ، وزرا اور اعلیٰ حکام کا وفد بھی ترک صدر کے ہمراہ ہوگا۔ وزیر اعظم نواز شریف سہہ پہر ساڑھے چار بجے نور خان ایئر بیس پر ترک صدر کا استقبال کریں گے جبکہ مسلح افواج کا چاق و چوبند دستہ انہیں گارڈ آف آنر پیش کرے گا جس کے بعد انہیں ایوان صدر لے جایا جائے گا جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کریں گے۔
ترک صدر کل صبح وزیر اعظم ہاؤس جائیں گے جہاں وزیر اعظم نواز شریف ان کا استقبال کریں گے۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ترک صدر اور وزیر اعظم نواز شریف میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں اہم علاقائی ، عالمی اور خطے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ متعدد تجارتی منصوبوں کی یاد داشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں اپنے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب ارگان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔