راولپنڈی: راولپنڈی کی سیشن عدالتے عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
راولپنڈی کی سیشن عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے 2 صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے اپنے محفوظ فیصلے میں کہا کہ سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کیخلاف محکمانہ اور الیکشن کمیشن میں انکوائری جاری ہے، الیکشن کمیشن اور محکمانہ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر قانونی کارروائی یقینی ہے، اس صورتحال میں الگ مقدمے کے اندراج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ سابق کمشنر لیاقت چٹھہ نے کوئی قابل دست اندازی جرم نہیں کیا۔
یاد رہے کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بیان دیا تھا جس پر ان کیخلاف انکوائری چل رہی ہے۔
سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست راولپنڈی کے دو وکلا نے دائر کی تھی۔