اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نو مئی کے واقعات سے ہمارے سر جھک گئے ہیں ان واقعات کے کروڑوں پاکستانیوں کو افسردہ کیا ہے۔ کسی مجرم کو نہیں چھوڑا جائے گا۔نو مئی پاکستانی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہاقومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور وابستگی کا اظہارکرتا اور تمام واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انھوں نے کہا ہمیں قانونی،آئینی اورانتظامی لحاظ سے ایسے اقدامات کرنے چاہئیں کہ قیامت تک ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو جس نے پوری دنیا میں پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا۔
اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ میں نے 72 گھنٹے کی ٹائم لائن دی تھی اور کہا تھا کہ جنھوں نے اس کی منصوبہ بندی کی اور بلوائیوں کو اکسایا ان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لانا ہو گا اور بے گناہ کو کسی صورت تنگ نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم نے کہا جن لوگوں نے تباہ کن کارروائیاں کیں وہ دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔برطانیہ میں راتوں کو بھی عدالتیں لگیں اور ذمہ داروں کو سزائیں دی گئیں۔