پاکستان میں سب سے زیادہ تنخواہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی ہے: پی اے سی نے تفصیلات جاری کردیں 

02:47 PM, 16 May, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے صدر، وزیر اعظم ،چیف جسٹس سپریم کورٹ ،وفاقی وزرا اور اراکین پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں کا موازنہ جاری کردیا۔

 پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کااجلاس چیئرمین نور عالم کی زیر صدارت ہوا رجسٹرار سپریم کورٹ آج بھی  پیش نہ ہوئے۔پی اے سی نے سپریم کورٹ کے حسابات کے حوالے سے پرنسپل اکاؤنٹس افسر کو طلب کیا تھا۔

پی اے سی کی طرف سے جاری  موازنے کے مطابق چیف جسٹس آف سپریم کورٹ تنخواہ وصول کرنے میں پاکستان میں پہلے نمبر پر ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان کی تنخواہ 15 لاکھ 27 ہزار 399 روپے ہے۔ صدر پاکستان کی اس وقت تنخواہ 8 لاکھ 96 ہزار 550 روپے ہے۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  سپریم کورٹ ججز کی تنخواہ 14 لاکھ 70 ہزار روپے ہے ۔ وزیراعظم کی تنخواہ 2 لاکھ 1 ہزار 574، وفاقی وزرا کی تنخواہ 3 لاکھ 38 ہزار ،گریڈ 22 کے افسران کی تنخواہ 5 لاکھ 91 ہزار 475 روپے ہے ۔ اراکین قومی اسمبلی  1 لاکھ 88 ہزار روپے  تنخواہ لے رہے ہیں۔ 

چیئرمین پی اے سی کا کہنا ہے کہ بلائے جانے کے باوجود رجسٹرار  سپریم کورٹ کا نہ آنا افسوسناک ہے۔ 

مزیدخبریں